• news

اب موت سے ڈر نہیں لگتا، میرا مقابلہ مکمل صحت مند لیڈر سے ہے : مصطفی کمال

کراچی (این این آئی+ نیٹ نیوز) ایم کیو ایم کے منحرف رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ میرا مقابلہ جس لیڈر سے ہے وہ مکمل صحت مند ہیں۔ کینیڈا میں وڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب مجھے موت سے ڈر نہیں لگتا اسی لئے سچ بول رہا ہوں۔ موت ٹارگٹ کلرز سے ہی نہیں بلکہ ڈینگی مچھر سے بھی آ سکتی ہے۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے سابق رکن رضا ہارون نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم جتنی بڑی جماعت ہے اور ان کا جتنا بڑا مینڈیٹ ہے انہیں روز ایک بڑی خبر دینی چاہئے۔ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاروق ستار معصوم اور پیارے آدمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو اپنی سیاسی جماعت کا نام، منشور، نظرئیے کا اعلان کریں گے اور پاکستان کی ترقی و تعمیر کی پہلی اینٹ رکھی جائے گی۔ ایم کیو ایم چھوڑ کر سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال سے جا ملنے والے سابق رکن رابطہ کمیٹی انیس قائم خانی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر سے لوگوں کی ملاقاتوں اور پارٹی میں شمولیت کیلئے آمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ مصطفیٰ کمال کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن