• news

کچھ قوتیں آرٹیکل 6 سے زیادہ طاقتور، لگتا ہے مشرف کو باہر جانے کی اجازت پر نوازشریف راضی ہیں: خورشید شاہ

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 6 سے زیادہ طاقتور کچھ اور قوتیں ہیں۔ سپریم کورٹ کے جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر قائد حزب اختلاف نے کہا پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ سر آنکھوں پر، ہائی پروفائل کیس میں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی ذمہ داری عدالت کی ہے۔ حکومت نے ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملہ اپنے آپ پر نہیں آنے دیا، حکومت نے مخالفت نہیں کی۔ اٹارنی جنرل کی رضامندی سے بات ہوئی۔ لگتا ہے مشرف کو باہر جانے کی اجازت ملنے پر نوازشریف بھی راضی ہیں۔ حکومت پہلے ہی مشرف کے معاملے پر دبائو میں تھی۔ حکومت نے جان چھڑانے کیلئے معاملہ سپریم کورٹ کے حوالے کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے آئین میں آرٹیکل 6 شامل کرایا تھا لیکن آئین انہیں پھانسی سے نہ بچا سکا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پرویز مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت کی مخالفت نہیں کی، اٹارنی جنرل کی رضامندی سے ہی بات ہوئی ہوگی، حکومت پہلے ہی مشرف کے معاملے پر دبائو میںتھی۔ آئین کے آرٹیکل 6 سے زیادہ طاقتور کوئی اور قوتیں ہیں۔ آرٹیکل 6 کی وجہ سے پرویز مشرف سے زیادہ نوازشریف متاثر ہوئے اب وہی خاموش ہیں تو باقی جماعتوں نے کیا کرنا ہے۔ پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر وہ واپس نہ آئے تو عدالت ذمہ دار ہوگی۔ مشرف کے بیمار ہونے پر اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ میڈیکل گراؤنڈز پر باہر چلے جائیں گے۔ یہ مشرف ہی تھے جنہوں نے نوازشریف کی حکومت کو غیرآئینی طور پر ختم کیا اگر وہ پھر بھی خاموش ہیں تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن