مشرف سینکڑوں بےگناہوں کے قاتل ہیں‘ سخت سزا دی جائے: جمہوری وطن پارٹی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ)جمہوری وطن پارٹی کے رہنماﺅں نے شہدائے 17مارچ ڈیرہ بگٹی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف سینکڑوں بے گناہوں کے قاتل ہیں انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے، اکبر خان بگٹی نے آمر کے سامنے جھکنے کی بجائے عوام کے حقوق کے حصول کیلئے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ یہ بات جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی و وصوبائی رہنماﺅں نوراللہ وطن دوست ،چوہدری نوید، ندیم شاہ بخاری، عبدالروف بابر ، عظیم بٹ ، وڈیرہ پیر محمد بگٹی ،آمنہ مینگل ،زیبا جاوید اور دیگر نے شہدائے 17مارچ کی یاد میں بگٹی ہا¶س کوئٹہ میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر شہداءکے روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ 17مارچ 2005ءکو سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے اپنے اقتدار کی خاطر ڈیرہ بگٹی پر حملہ کرکے 62سے زائد بے گناہ بچوں ،خواتین ،بوڑھوںاور نوجوانوں کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف سینکڑوں بلوچوں سمیت لال مسجد ،کراچی میں بے گناہ وکلاءاور دیگر افراد کے قتل میں ملوث ہے آج حکمران انہیں کلین چٹ دیکر ملک سے باہر بھیجنا چاہتے ہیں جس کی جمہوری وطن پارٹی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تو وہ کبھی بھی واپس نہیں آئیں گے۔
جمہوری وطن پارٹی