مشرف کو باہر جانے کی اجازت ڈیل کا نتیجہ ہے: تحریک انصاف
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ مشرف کو باہر جانے کی اجازت سابق صدر اور نواز حکومت کے درمیان ڈیل کے نتیجے میں ملی، بھارت سے کشمیر بالخصوص پانی کے مسئلے پر فوری مذاکرات ہونے چاہئیں ورنہ کسان برباد ہو جائیگا، پنجاب میں10سال کیلئے تعلیم اور صحت کی ایمرجنسی لگنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق گورنر و تحریک انصاف پنجاب کے صدارتی امیدوار چوہدری محمد سرور نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھانوں میں لوگ قتل ہو رہے ہیں پنجاب حکومت کہاں ہے۔ اقتدار پرست حکمرانوں نے ملک کو نئے مسائل کا تحفہ دیا۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنماو ٹکٹ ہولڈر این اے 96ایس اے حمید نے کہا ہے کہ حکومت بجلی چوری اور کرپشن روکنے میں بے بس ہو گئی۔