مردم شماری کرانے کا مطالبہ، 20 صوبے بنائے جائیں: فاروق ستار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے یوم تاسیس کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوموں کا علم اٹھانے والے قائد ایم کیو ایم کے خلاف سازش کی گئیں، ایم کیو ایم نے ہر سازش کا مقابلہ کیا، متحدہ کے خلاف سازش کوئی نئی بات نہیں۔ ایم کیو ایم کو 32 سال ہوگئے جبکہ قائداعظم کا پاکستان 25 سال بعد متحد نہ رہ سکا اور دولخت ہوگیا۔ اقتدار کی ہوس رکھنے والوں نے 24 سال بعد ہی پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا۔ اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھتے ہوئے بڑھتے چلے جائیں گے۔ کیا ہم کسی اور کی وکٹ پر کھیلنے کی بجائے اپنی وکٹ پر سب کو کھلائیں گے؟ دہشت گردی ہمارا نصب العین نہیں، اسکی مذمت کرتے ہیں۔ ”را“ سے فنڈنگ کے الزامات غلط ہیں، اگر الزام عدالتوں میں آئیں گے تو وہاں بھی سامنا کرینگے۔ میڈیا پر الزام لگا تو میڈیا پر جواب دینا کافی ہے، جس گراﺅنڈ میں میچ ہو گا اسی گراﺅنڈ میں میچ کھیلیں گے۔ ہمیں نئے صوبے بنانے کے مطالبے کی سما دی جا رہی ہے۔ جناح پور کا الزام لگانے والوں نے خود تردید کی۔ فاروق ستار نے جلسہ میں چار مطالبات پیش کئے، مردم شماری کرائی جائے، پاکستان میں 20 صوبے یا انتظامی یونٹ قائم کئے جائیں، بلدیاتی اداروں کو موثر اور بااختیار بنایا جائے اور قائد ایم کیو ایم کی میڈیا پر پابندی ختم کی جائے۔ رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم شبیر قائم خانی نے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہو گئیں۔ مخالفین سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ سازش بند کر دیں، ہم کراچی کا کچرا صاف کر رہے ہیں، ہم رکنے والے نہیں۔
فاروق ستار