• news

دنیا بھر میں ارتھ آور آج منایا جائیگا شہبازشریف، ایاز صادق کے پیغامات

لاہور+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ خبرنگار+ یجنسیاں) زمین پر ماحولیاتی اثرات کو اجاگر کرنے کیلئے دنیا بھر میں آج ارتھ آور منایا جائیگا۔ اس سلسلے میں دنیا بھر میں آج رات ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک اضافی لائٹس بند رکھی جائیں گی۔ ایک گھنٹے تک اضافی لائٹس بند کرنے کا مقصد دنیا میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کم کرنا ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاﺅس کے گیٹ نمبر ایک پر شام ساڑھے 8 بجے پارکنگ ایریا میں بتیاں گل کردی جائیں گی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ارتھ آور منانے کا مقصد توانائی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث عالمی حدت کے بارے میں شعور پھیلانا ہے اور اسکا آغاز عوام کو کرہ ارض کی اہمیت سے متعلق آگہی دینے کیلئے کیا گیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے شعور آگاہی میں اضافے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں دنیا کو مختلف عالمی ماحولیاتی مسائل اور انکے اثرات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ماحولیات کے تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا حصہ بننے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن