آغاز حقوق بلوچستان کی 171 اسامیوں کیلئے تعیناتی نہ ہونے پر قائمہ کمیٹی کی برہمی
اسلام آباد (اے پی پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر دائود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں 2013ء سے اب تک آغاز حقوق بلوچستان کی171 آسامیوں پر تعیناتی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا گیا اور ہدایت دی گئی کہ 15 دنوں کے اندر بڑے قومی اخبارات میں اشتہارات دیئے جائیں اور پہلے سے درخواست دینے والے امیدواروں کو بھی ٹیسٹ انٹرویوز میں شامل کیا جائے۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر دائود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارا کام حقائق سامنے لانے اور اپنی آئینی ذمہ داریوں کے مطابق عوامی حقوق دلانے کیلئے اپنی آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کوئٹہ چمن روڈ نامکمل ہونے کے باوجود ٹول پلازہ بنانے پر این ایچ اے کو ہدایت دی کہ بغیر سڑک بنایا گیا ٹول پلازہ فی الفور بند کیا جائے اور سڑک کا کام مکمل کر کے اگلے اجلا س میں تفصیلی رپورٹ دی جائے۔کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ این ایچ اے کے جاری تمام منصوبوں کا موقع پر معائنہ کیا جائے گا اور اگلا اجلاس صرف پاک چین اقتصادی راہداری کے ون پوائنٹ ایجنڈا پر منعقد ہوگا۔ عبدالولی خان انٹرچینج کے نام کی درستگی کے حوالے سے آگاہ کیا گیاکہ جلد ایگزیکٹو بورڈ سے منظور ی لی جائے گی اور تخت بھائی پل جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔ شاہد اشرف تارڑ نے آگاہ کیا کہ بلوچستان میں 8 نئے ٹول پلازے کم نرخوں پر چلائے جائیں گے۔ سینٹر کلثوم پروین نے کہا کہ این ایچ اے کے تمام جاری منصوبوں اور مستقبل کے منصوبوں کے فنڈز صوبہ وار تقسیم سے کمیٹی کو آگاہ کیا جائے ا ور تجویز کیا کہ پوسٹل سروسز کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔