ذوالفقار مرزا پیپلز پارٹی کیلئے درد سر بن گئے
کراچی (رپورٹ شہزاد چغتائی) سابق صوبائی وزیر ذوالفقار مرزا پیپلز پارٹی کیلئے درد سربن گئے۔ پیپلز پارٹی میں بغاوت کیلئے انہوںنے ارکان اسمبلی، عہدیداروں اور ضلعی چیئرمین شپ کے امیدواروں سے رابطے کرلئے۔ ذوالفقار مرزا کی یلغار کے باعث بلاول بھٹو کو اچانک اسلام آباد سے کراچی آنا پڑا۔ پیپلز پارٹی کے اندر پریشر گروپ قائم ہوگیا ہے۔ پریشر گروپ نے دادو‘ شہداد کوٹ‘ قمبر‘ مٹیاری‘ حیدرآباد اور نواب شاہ کی بلدیاتی چیئرمین شپ مانگ لی اور آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ اہم شخصیت کو سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کو چلانے سے روکا جائے۔ ادھر سابق صدر آصف علی زرداری کچھ سننے کیلئے تیار نہیں۔ اس وقت پیپلز پارٹی کے تمام امور فریال تالپور چلارہی ہیں۔ فریال تالپور بہت طاقتور ہیں اور سیاسی حلقوں کے مطابق سندھ میں سیاسی ڈکٹیٹر شپ قائم ہے۔