بجٹ کے بعد پنجاب میں بلدیاتی نظام فعال ہونے کا امکان ہے: ذرائع
لاہور (ساجد ضیائ، دی نیشن رپورٹ) مسلم لیگ (ن) ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نظام آف ٹریک ہونے سے پنجاب حکومت زیادہ پریشان نہیں ہے۔ امکان ظاہر کی جا رہا ہے کہ بلدیاتی نظام آئندہ بجٹ کے بعد فعال ہوجائیگا اور یہ حکومت کیلئے موزوں بھی ہے۔ بجٹ کے بعد بلدیاتی نظام کیلئے فنڈز مختص کرنا آسان ہوگا کیونکہ اس وقت پنجاب میں فنڈز ترقیاتی پروگراموں پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ منظورِ نظر چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کیلئے لابی کے سلسلے میں بھی حکومت کو وقت چاہئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق 90 فیصد آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن) سے مل گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ارشد نے بتایا کہ حکومت اگلے فیز میں جانا چاہتی ہے تاہم مخصوص نشستوں کیلئے شیڈول الیکشن کمشن نے جاری کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً تمام اضلاع میں چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کیلئے نامزدگیاں مکمل کرلی گئی ہیں، تاخیر صرف عدالت میں زیرالتوا مقدمات کی وجہ سے ہے۔ بلدیاتی نظام چلانے کے حوالے سے حکومت کی طرف سے کوئی تاخیر نہیںہو رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے حکومت اپنے مفاد کی خاطر بلدیاتی نظام کا عمل جلد مکمل کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہی۔