• news

پی آئی اے انتظامیہ بعض ہڑتالی ملازمین کو نئے شوکاز نوٹس جاری کریگی

لاہور (امریز خان/ نیشن رپورٹ) پی آئی اے کی انتظامیہ نے سندھ ہائیکورٹ میں ہڑتال کرنے والے اپنے ورکرز کیخلاف شوکاز نوٹس واپس لینے کا عہد کرنے کے بعد ان ملازمین کو نئے نوٹسز جاری کرنے سے خبردار کردیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ہڑتال کرے والوں سے بعض افراد کو چن کر نئے شوکاز نوٹسز جاری کر دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ کے اس فیصلے سے ہڑتال کرنیوالے ملازمین میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ملازمین کے مطابق وہ پہلے ہی سخت دبائو میں کام کر رہے ہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی آف پی آئی اے ایمپلائیز کے ترجمان نے کہا کہ انہوں نے ائرلائن کی بہتری کیلئے ہڑتال ختم کی تھی اگر انتظامیہ نے ائرلائن کیخلاف کوئی فیصلہ کیا تو دوبارہ احتجاج شروع کردیا جائیگا۔ ترجمان نے کہا ہم نے آخری ملاقات میں شہباز شریف کو اپنے مطالبات پیش کئے تھے تاکہ وہ وزیراعظم تک پہنچا دیئے جائیں مگر ایک ہفتہ گزرنے کے بعد اس حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ خیال رہے پی آئی اے انتظامیہ نے 260 ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کئے تھے اور 6 انجینئرز کو برطرف بھی کر دیا تھا۔ ان ملازمین نے سندھ ہائیکورٹ میں جا کر اپنے لئے آسانی حاصل کر لی تھی۔ کونسل برائے پی آئی اے ایمپلائز نے کہا کہ اگر نئے شوکاز نوٹس جاری کرنا ہیں تو پھر پرانے واپس کیوں لئے جا رہے ہیں۔ وزارت دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) میں پی آئی اے کے حوالے سے دو گروپ موجود ہیں۔ شجاعت عظیم کی سربراہی میں ایک گروپ نجکاری کا حامی اور ملازمین کا مخالف ہے جبکہ دوسرا گروپ مسئلے کا معتدل انداز میں حل نکالنا چاہتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن