پشاور: ہوٹل سے قیمتی پتھروں کے افغان تاجر کی گلا کٹی نعش برآمد
پشاور (بی بی سی) خیبر پی کے کے دارالحکومت پشاور کے ایک ہوٹل میں قیمتی پتھروں کے ایک افغان تاجر کی نعش ملی ہے جسے گلا کاٹ کر ہلاک کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ پر نئے اڈے کے قریب ایک ہوٹل کے کمرے سے خون بہتا ہوا باہر آیا تو ہوٹل کی انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ پولیس کے مطابق گل محمد کا تعلق افغانستان کے علاقے خوست سے تھا اور اس نے ہوٹل میں کمرہ لیا تھا۔ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے معلوم ہوا ہے کہ دو افراد اس سے ملنے کے لیے ان کے کمرے میں گئے تھے اور وہ وہاں کچھ وقت رہے چائے بھی پی اور پھر چلے گئے۔ رات کے وقت افغان تاجر کے کمرے سے خون بہتا ہوا باہر آیا تو ہوٹل انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ جب کمرہ کھول کر دیکھا گیا تو افغان تاجر کی نعش پڑی تھی اور اس کا گلا کاٹا گیا تھا۔ مقتول تاجر گل محمد چھوٹے پیمانے پرقیمتی پتھروں کا کاروبار کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس قتل کی کیا وجہ تھی۔ پولیس مختلف زاویوں سے اس کی تفتیش کر رہی ہے۔