• news

اسلام آباد سے سینٹ کی نشست‘ مسلم لیگ نے ابھی تک درخواستیں طلب نہیں کیں

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا کو خیبر پی کے کا گورنر بنائے جانے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خالی ہونیوالی سینٹ کی نشست کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرانے میں دو روز رہ گئے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اس نشست کیلئے ابھی تک درخواستیں طلب کی ہیں اور نہ ہی کوئی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا گیا۔ 21 مارچ کو 4 بجے تک سینٹ کی نشست کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کئے جائیں گے جبکہ 22 مارچ کو سکروٹنی اور 24 مارچ کو پولنگ ہو گی۔ اس نشست پر مسلم لیگی رہنما سید ظفر علی شاہ اور سرتاج عزیز کے انتخاب لڑنے کے بارے میں کہا جا رہا ہے تاہم اس نشست پر کوئی ’’ڈارک ہارس‘‘ بھی آسکتا ہے۔ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو واضح اکثریت حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی طرف سے ابھی تک کسی امیدوار کو گرین سگنل نہیں دیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی نے اس نشست پر امیدوار کھڑا کرنے کیلئے درخواستیں طلب کر رکھی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن