مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت کیخلاف پیپلزپارٹی کا لاہور میں مظاہرہ
لاہور (خبر نگار) سابق صدر پرویز مشرف کو حکومت کی طرف سے علاج معالجے کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے خلاف پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بلاک کردیا۔ مظاہرین نے یااللہ یا رسول بے نظیر بے قصور‘ نواز مشرف مک مکا مردہ باد‘ گو نواز گو اور نواز شریف استعفیٰ دو کے نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ پرویز مشرف ہماری قائد محترمہ بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی کے قتل میں نامزد ملزم ہیں انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دیکر وزیراعظم نوازشریف حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ ڈکٹیٹروں کو سہولتیں دینے کے لئے ہی کام کیا ہے‘ عوام اس انتظار میں ہیں کہ مسلم لیگ (ن) والے اب کب استعفیٰ دیں گے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات فیصل میر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنی سیاست کے ذریعے ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو وردی اتارنے پر مجبور کیا جبکہ آصف علی زرداری نے پرویز مشرف کو ایوان صدر سے نکالا لیکن میاں نواز شریف نے مشرف کو ملک سے باہر بھاگ جانے میں مدد دی۔ جہان آراء وٹو نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت وجود میں آئی ہے تو وہ مشرف کو سہولتیں ہی دے رہی ہے۔ ڈاکٹر ضرار یوسف نے کہا کہ آج کا دن تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر لکھا جائے گا۔