منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار خاتون کو 5 سال قید، 19 کروڑ جرمانہ
لاہور (خبر نگار + اپنے نامہ نگار سے) لاہور ائر پورٹ پر منی لانڈرنگ کے الزام میں پکڑی جانیوالی ملزمہ راحت شہزادی کو 5 سال قید اور 19 کروڑ جرمانہ کی سزا سنا دی گئی۔ عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزمہ کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق جولائی 2013ء میں لاہور ائرپورٹ پر کسٹم کے عملے نے بیرون ملک جانیوالی چاہ میراں لاہور کی رہائشی مسافر راحت شہزادی سے 3 کروڑ 73 لاکھ 70 ہزار مالیت کی غیر ملکی کرنسی ڈالر، پائونڈ، درہم، ریال، یورو برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا تھا جس پر ملزمہ کے خلاف گزشتہ رز سپیشل جج کسٹم عدالت میں جرم ثابت ہونے پر اسے جج امیر محمد خان نے 5 سال قید اور سمگل کی جا رہی رقم کی پانچ گنا رقم تقریباً 19 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔