بھارتی اداکارہ زینت امان وفد کے ہمراہ واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئیں
لاہور (کلچرل رپورٹر) بھارت کی معروف اداکارہ زینت امان، گلوکارہ ریکھا بھردواج سمیت بھارت کا 23 رکنی وفد ’’شان پاکستا،ن کیا دلی کیا لاہور‘‘ میں شرکت کیلئے واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گیا۔ اداکارہ زینت امان نے کہا کہ میں پہلی بار پاکستان آئی ہوں اور پاکستان آنے پر بہت خوش ہوں۔ میں تین روز لاہور میں قیام کروں گی اور یہاں قیام کے دوران شان پاکستان کی تمام تقریبات میں شرکت کروں گی۔ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کھیل ہے کبھی کوئی ٹیم جیت جاتی ہے اور کبھی کوئی ٹیم۔ انہوں نے کہا کہ یہا ںکا ماحول بہت اچھا لگا ہے۔ بھارتی گلوکارہ ریکھا بھردواج نے کہا کہ میں تیسری بار پاکستان آئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر بہت اچھا لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں شان پاکستان تقریب میں پرفارم کروں گی۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم فنکار ہیں۔ سیاستدان ان سوالوں کے جواب دے سکتے ہیں، ان سے ایسے سوال کریں۔ ہم اپنے طور پر کوشش کرتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوں۔ یاد رہے کہ وفد میں زینت امان کا بیٹا اذان خان بھی شامل ہے۔