مشرف کا ٹرائل ہونا چاہیے تھا‘ سمجھوتے کے تحت باہر بھیجا گیا: عبدالمالک بلوچ
کراچی (نوائے وقت نیوز) بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو سمجھوتے کے تحت باہر بھیجا گیا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالمالک بلوچ نے کہا سابق فوجی آمر پرویز مشرف کو سمجھوتے کے تحت باہر بھیجا گیا۔ مشرف کا مالک سے جانا ٹھیک نہیں۔ ان کا ٹرائل ہونا چاہیے تھا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے معاملے میں کچھ خامیاں وفاق میں اور کچھ ہماری ہیں۔ ہماری جماعت پاکستان کی حامی پارٹی ہے۔ پنجاب والوں نے ابھی غالب اور فیض کو پڑھنا شروع کیا ہے۔ ہم اپنی تاریخ کے حوالے سے بہت محتاط ہیں۔ ہم نے بلوچستان میں صحت کا بجٹ 300 فیصد بڑھا دیا، لاپتہ افراد کے لئے کمشن بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے علاوہ کوئی او رنظام عوام کو ریلیف نہیں دے سکتا۔ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی ضرورت ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے۔ پارلیمنٹ سپریم ہے اس کو تسلیم کرنا چاہیے۔ بلوچستان کے بڑے مسائل میں دہشت گردی، قوم پرستی اور قبائلی امور ہیں۔