کردار کشی کی جا رہی ہے‘ کراچی میں کسی زمین پر قبضہ کرکے فروخت نہیں کی: سلمان ممنون حسین
کراچی (سٹاف رپورٹر) صدرمملکت کے صاحبزادہ سلمان ممنون حسین نے ان اطلاعات کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا جن میں کہا گیا کہ انہوں نے کراچی میں کسی زمین پر قبضہ کرکے اسے فروخت کیا ہے۔ ایک بیان میں صدرمملکت کے صاحبزادے نے کہا کہ اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے ایک حصے میں جو باتیں آرہی ہیں‘ انکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ 2011ء اور 2010ء میں کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں کچھ زمین کرائے پر لیکر کیٹل فارمنگ کا کاروبار شروع کیا تھا لیکن 2013ء میں اپنا کاروبار بلوچستان منتقل کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جگہ انکی ملکیت میں کبھی نہیں تھی اسلئے اسکی فروخت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی باتیں بدنیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد انکی کردار کشی کے سوا کچھ نہیں۔