بہاولنگر: منی ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکر‘ 2 طالب علم جاں بحق‘ ورثا کا احتجاج
بہاولنگر (نمائندہ نوائے وقت) منی ٹرک کی دو طالبعلم موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر، دونوں موقع پر جاں بحق، ڈرائیور فرار ، اہل علاقہ نے نعشیں روڈ پر رکھ کر روڈ بلا ک کر دی ، مشتعل مظاہرین نے طیش میں آکر ٹرک کو آگ لگا دی۔ تفصیلات کیمطابق کوٹ لنگاہ ماڑی میاں صاحب کے سکول نویں کلاس کے دو طالبعلم محمد ساجد اور راشد علی بسواری موٹر سائیکل بہاولنگر قائد ملت سکول میں پیپر دینے آ رہے تھے جب عارفوالا روڈ قادری مل کے قریب پہنچے تو سامنے سے آنے والے مزدہ ٹرک جسے نامعلوم ڈرائیور انتہائی غفلت اور تیز رفتاری سے چلا رہا تھا نے آکر موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ۔ جسکے نتیجہ میں دونوں طالبعلم موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ اہل علاقہ نے ٹرک ڈرائیور کیخلاف نعشیں روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا اور پولیس کیخلاف نعرہ بازی کی۔ مشتعل مظاہرین نے ٹرک کو آگ لگا دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل مظاہرین کو منتشر کیا اور ڈرائیور کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی۔ دونوں طالب علموں کی یونیفارم میں نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ گائوں میں ہر آنکھ اشک بار تھی۔ پولیس نے جلے ہوئے ٹرک کو قبضہ میں لیکر مقدمہ درج کر کے نامعلوم ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔