وفاق سے ملکر بجلی چوروں، نادہندگان کیخلاف بھرپور آپریشن کرینگے: پرویز خٹک
پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چشمہ رائٹ بینک کینال سے ڈی آئی خان کی 2 لاکھ 80 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔ 100 ملین کیوبک گیس سے سستی بجلی بناکر پانچ صنعتی بستیوں میں قائم کارخانوںکو فراہم کر کے لاکھوں افرادکو روز گار فراہم کریں گے۔ وفاقی حکومت سے تمام معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔ پاک چائنہ اقتصادی راہداری پر وفاق کو خط ارسال کر کے تمام مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کیلئے پیسکو حکام اور وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف صوبائی حکومت بھر پور آپریشن کریگی۔ لوڈشیڈنگ میں بہت جلد واضح کمی آئیگی۔ صوبائی حکومت پیسکو نادہندگان کیخلاف بھر پور کاروائی کریگی۔ وہ مانکی شریف نوشہرہ میں استقبالیہ تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔