پاکستان بھارت میں کرکٹ سے دوریاں ختم، دوستی بڑھے گی: عمران
کولکتہ /اسلام آباد (این این آئی+نوائے وقت رپورٹ) سابق کپتان اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت دوطرفہ کرکٹ سیریز کو یقینی بنانے کےلئے بھارت کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کھیلنے سے دوریاں ختم ہوں گی اور دوستی بڑھے گی۔ اتوار کی صبح وطن واپس روانہ ہوتے ہوئے کولکتہ ایئر پورٹ پر ”بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان بھارت دوطرفہ سیریز کا انعقاد بہت ضروری ہے، یہ ایک بڑی کرکٹ ہے جس کا فائدہ دونوں کرکٹ بورڈز کو ہوگا۔ عمران خان نے کہاکہ بھارت کرکٹ بورڈ پہلے ہی مالی طور پر مستحکم ہے تاہم زیادہ فائدہ پاکستان کی کرکٹ کو ہوسکتا ہے اور اس سے جو بھی پیسہ آئےگا وہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر بنانے پر کام آسکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے دو طرفہ سیریز کے لیے ہمیشہ مثبت سوچ رکھی ہے اور قدم بڑھایا ہے تاہم بھارت نے اس کا جواب مثبت نہیں دیا اور چونکہ وہ ایک طاقتور ملک ہے لہذا اس میں تکبر کا عنصر بھی نمایاں ہے اور وہ اس معاملے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت کو آگے قدم بڑھانا چاہیے، پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کھیلنے سے دوریاں ختم ہوں گی اور دوستی بڑھے گی۔ عمران نے پاکستانی ٹیم کی شکست پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے اپنے ٹیلنٹ سے انصاف نہیں کیا۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اور عام پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اروند کیجریوال نے عمران خان کو گلدستہ پیش کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وطن پہنچنے پر عمران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ورلڈ ٹی 20 کے سیمی فائنل کیلئے لازمی کوالیفائی کرنا چاہئے۔ امید ہے کرکٹ ٹیم بھارت سے شکست بھول کر اچھی پرفارمنس دے گی۔ موہالی کی پچ پاکستان کے فاسٹ اٹیک کیلئے معاون ثابت ثابت ہو گی، ہمارا پیس اٹیک دنیا بھر میں سب سے مضبوط ہے۔
عمران