اہل سنت جماعتوں کی مشاورت کیلئے تین رکنی تھنک ٹینک کی تشکیل
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے اہل سنت جماعتوں کی مشاورت کے لئے تین رکنی تھنک ٹینک کا اعلان کرتے ہوئے الزام عاید کیا ہے کہ سابق آمر ضیاالحق نے جے یو پی کو توڑا، ورنہ نظام مصطفی نافذ کرکے اب اقتدار میں ہوتی۔ چھوٹے اور بڑے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ مفتی محمد خان قادری، مولانا احمد علی قصوری اور جسٹس (ر) نذیر غازی پر مشتمل تھنک ٹینک اہل سنت جماعتوں کو مشورے دے گا کہ انہیں آئندہ کے لئے کیا لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اہل سنت کے لئے مخلصانہ کوششیں ہونی چاہیں۔ اس کے لئے جے یو پی کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ مارشل لا ایڈمنسٹریٹر ضیاالحق نے 1977ء کے عام انتخابات کے موقع پر جمعیت علما پاکستان کی کامیابی سے خائف ہوکر انتخابات ملتوی کروادیے۔ جے یوپی کے رہنماوں کو مجلس شوریٰ میں شامل کرکے اسلامی نظام کے نفاذ کا راستہ روکا۔