• news

حکومت آج مشترکہ اجلاس سے پی آئی اے بل ہر صورت منظور کرائیگی

اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اپوزیشن سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا ایشو اٹھایا تو وزیر داخلہ دوبارہ اس بارے میں حقائق سامنے لائیں گے۔ انہوں نے پیر کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر جواب دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مسلم لیگی رہنماؤں کو جنرل پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے حوالے سے اپوزیشن کی طرف سے کی جانے والی تنقید کا بھرپور جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔ پارلیمنٹ کے آج کے اجلاس میں حکومت ہر صورت میں پی آئی اے بارے میں بل منظور کرائیگی۔ اس سلسلے میں اپوزیشن کی جانب سے رکاوٹوں کو خاطر میں نہیں لایا جائیگا۔ تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں نے پی آئی اے بارے بل کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی گو مگو کی کیفیت میں مبتلا ہے۔ اگر حکومت نے بل کو من و عن منظور کرانے کی کوشش کی تو اپوزیشن کی جانب سے بل کی منظوری کے موقع پر احتجاج کے بعد واک آؤٹ کرنے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن