متحدہ نے 2 برس پہلے میرے قتل کا منصوبہ بنایا تھا نثار نے آگاہ کیا:عمران
اسلام آباد+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران خان نے اپنے قتل کی سازش کے بارے میں بڑا انکشاف کر ڈالا۔ ایم کیو ایم نے دو سال قبل مجھے قتل کرانے کا منصوبہ بنایا تھا، چودھری نثار نے بتایا تھا کہ ایک قبائلی شخص کو میرے قتل کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ چودھری نثار نے مجھے محتاط رہنے کا کہا تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق دہشت گردی ’’را‘‘ کر رہی ہے، متحدہ قائد نے ہمارے کارکنوں کو قتل کرایا، ایم کیو ایم نے ہمای رہنما زہرہ شاہد کو بھی قتل کیا۔ الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر کسی کے جینے اور مرنے کے فیصلے کرتے ہیں۔ الطاف نے پی ٹی آئی کے اور بھی کارکنوں کو قتل کرنے کا کہا تھا۔ بھارت کے سپانسرڈ دہشت گردوں نے تباہی مچا کھی ہے۔ مصطفی کمال کے بتائے گئے دہشت گرد پکڑنے چاہئیں۔ مصطفٰی کمال والی باتیں میں 9 سال سے کہہ رہا ہوں عمران نے امید کا اظہار کیا کہ چودھری نثار ’’را‘‘ کے حوالے سے کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اگر مصطفٰی کمال لائے گئے ہیں تو بھی اچھا ہے۔ وزیراعظم ہوتا تو پرویز مشرف کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتا۔ پشاور میں تقریب سے خطاب عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر جنگلات کو تباہ کردیا گیا، باقیماندہ جنگلات پر کچھ جاگیر دار قابض ہو گئے، درخت لگانا ہمارے مستقبل سے وابستہ ہے، تحریک انصاف نے صوبے میں ایک ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، ملکی تاریخ میں کسی بھی حکومت کی طرف سے ایسے اقدامات کی نظیر نہیں ملتی۔ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ الزامات لگانے والے پرویز رشید آئیں اور ہماری شجرکاری مہم دیکھیں کہ کس طرح تحریک انصاف حال کے ساتھ ساتھ مستقبل کیلئے بھی سوچتی ہے، جلد شجر کاری مہم کیلئے اسلام آباد بھی جائیں گے۔ شجرکاری مہم کی تقریب میں عمران خان کی روانگی کے بعد پی ٹی آئی کے کارکن کھانے پر ٹوٹ پڑے، کوئی دو پیکٹ اڑا لے گیا کسی کے ہاتھ ایک بھی نہ آ سکا۔