آرمی چیف سے امریکی کمانڈر جنرل نکلسن ار جنٹائن کے سفیر کی ملا قاتیں آپریشن ضرب عضب کو سراہا
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ارجنٹائن کے سبکدوش ہونے والے سفیر روڈلفو جے مارٹن نے ملاقات کر کے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں امن کیلئے اقدامات کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ارجنٹائن کے سبکدوش سفیر روڈلفو جے مارٹن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارجنٹائن کے سفیر روڈلفو جے مارٹن نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان خطے میں امن کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہا ہے، آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیاں قابل ستائش ہیں۔ افغانستان میں امریکی فورسز کے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے بھی جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور خطہ کی سکیورٹی کی صورتحال پر بتادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں مفاہمتی عمل پر بھی بات کی۔ جنرل جان نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان افغان سرحدی امور پر بھی بات کی گئی۔ ملاقات کے دوران افغان مفاہمتی عمل سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر نکلسن کا عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔