• news

کرپشن کا سومناتھ پاش پاش کرکے عوام کو قبضہ گروپوں سے نجات دلائینگے: سراج الحق

کراچی (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے حکومتی کرپشن اور بدانظامی کیخلاف جمعہ 8 اپریل کو لاہور میں دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کرپشن کا سومنات پاش پاش کر کے عوام کو سیاسی قبضہ گروپ سے نجات دلا کر دم لیں گے۔’’ کرپشن فری پاکستان مہم‘‘ صرف جماعت اسلامی کی مہم نہیں بلکہ سول سوسائٹی‘ وکلاء سمیت ہر پاکستانی کی مہم ہے۔ ہمیں خیانت اور ظلم سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کر نا ہو گا اور کرپشن کے ناسور سے ملک کو نجات دلانے کیلئے اُٹھنا ہو گا۔ ظلم کو برداشت کر نا اور بدیانتی کو قبول کر نا ظلم اور بددیانتی میں شریک ہو نے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ سیمینار بعنوان ’’کرپشن فری پاکستان کا قیام‘‘ سے صدارتی خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی اکرم ؐ تو صادق اور امین تھے اور اپنے دشمنوں کی امانت میں خیانت برداشت نہیں کر تے تھے ۔ہم اسی نبی ؐ کے امتی ہیں اس لیے ہمیں خیانت اور ظلم سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کر نا ہو گا اور کرپشن کے ناسور سے ملک کو نجات دلانے کے لیے اُٹھنا ہو گا ۔حکمران عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اور ملک کے بچے بچے کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کا مقروض بنا دیا۔کرپشن کا ناسور حکمرانوں کی سر پرستی میں پیدا ہوا۔ نندی پور پراجیکٹ کا تخمینہ 12ارب تھاوہ100ارب روپے تک کیسے پہنچ گیا ۔اس کا ذمہ دار کون ہے ؟ پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں کی تباہی اور خسارے کا ذمہ دار کون ہے ؟ پرویز مشرف کے دور میں سٹیل مل کی قیمت اتنی لگائی گئی جتنی قیمت صرف اس کی زمین کی تھی۔کرپشن کے 150میگا اسکینڈل عدالتوں میں موجود ہیں لیکن نیب ان مقدمات پر کوئی کاروائی نہیں کر رہا ۔عوام کو مایوس ہونے کے بجائے کرپشن کے خلاف تحریک کو شروع کرنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن