• news

پنڈی، ہری پور، کوئٹہ میں نظریہ پاکستان کنونشن، کل ملک گیر جلسے، ریلیاں ہونگی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مذہبی ، سیاسی و سماجی جماعتوں کے قائدین نے نظریہ پاکستان رابطہ کونسل اور جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام ملک کے مختلف مقامات پر نظریہ پاکستان کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کراچی سے پشاور تک نظریہ پاکستان مہم جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا ہے پاکستانی قوم کو فکری انتشار کا شکار کرنے اور اس کا اسلامی تشخص تبدیل کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ حکمران و سیاستدان ماضی میں کی جانے والی غلطیوں کا ازالہ کریں اور اللہ تعالیٰ سے کئے عہد کو پورا کرتے ہوئے ملک میں اسلامی نظام نافذ کیا جائے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیرپاکستان کا حصہ ہے‘ غاصب بھارت کا اس پر کوئی حق نہیں۔ تحفظ نسواں بل ملک کو لبرل اور سیکولر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ کروڑوں پاکستانی عوام یہ سازشیں ان شاء اللہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آج ملتان میں بڑا نظریہ پاکستان کنونشن ہو گا۔ کل 23مارچ کو لاہور سمیت پورے ملک میں نظریہ پاکستان کانفرنسوں، جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ راولپنڈی ، ہری پور ، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں ہونیو الے نظریہ پاکستان کنونشن اور کانفرنسوں سے امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، عبداللہ گل، مولانا سیف اللہ خالد، مولانا شمشاد احمد سلفی، انجینئر نوید قمر، شمس الرحمن ، مولانا عبدالقادر سبحانی، حافظ طلحہ سعید، مفتی محمد قاسم، سرداز ایاز اشرف، شمس الرحمن و دیگر نے خطاب کیا۔ کانفرنسوں کے دوران شرکاء کی طرف سے پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کے نعرے لگائے جاتے رہے۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد موجود تھے۔ لاہور شہر کے مختلف مقامات پر موبائل دعوتی پروگرام کئے جا رہے ہیں اور مارکیٹوں،چوکوں ،چوراہوں واہم مقامات پر نظریہ پاکستان کے حوالہ سے ڈاکومنٹریز دکھائی جا رہی ہیں۔ گاڑیوں کے خصوصی فلوٹس بھی تیار کئے گئے ہیں ۔اسی طرح سوشل میڈیا پربھی بھرپور مہم چلائی جارہی ہے۔راولپنڈی کے مقامی شادی ہال اور ہری پور میں نظریہ پاکستان کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا نوجوان نسل کے ذہنوں سے پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کا نعرہ نکالنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ہم کلمہ طیبہ کی بنیاد پر پاکستان کا قیام چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی راولپنڈی کے امیر شمس الرحمن ، انجمن نوجوان پاکستان کے سربراہ عبداللہ گل ، تحریک انصاف پنجاب کے جنرل سیکرٹری شاہد گیلانی ، انجمن تاجران کے رہنما شرجیل میر ، جماعۃ الدعوۃ راولپنڈی کے مسئول مولانا عبدالرحمن ، غیاث الدین و دیگر نے کہا ہم پورے ملک کے کونے کونے میں نظریہ پاکستان مہم چلارہے ہیں تاکہ لوگوں کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔ ہری پور میں نظریہ پاکستان کنونشن سے ق لیگ کے مرکزی رہنما ملک مصطفی، پیپلز پارٹی ہزارہ کے آرگنائزر سردار ایاز اشرف، جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما راحت حسین ، متحدہ علماء کونسل کے سیکرٹری قاضی مجتبیٰ، جمعیت علمائے پاکستان کے جنرل سیکرٹری مفتی اظہر محمود، چیمبر آف کامرس کے صدر ملک محمد نذیر، تحریک صوبہ ہزارہ کے مرکزی رہنما میجر (ر)جمیل کیانی، مولانا عبدالوحید شاہ، قاری فضل الرحمن،قاری محمد یوسف، قاری عبدالخالق،توحیدالرحمن توحیدی، سید حلیم پاشا راجہ حفیظ انور، اویس جمیل، اورنگزیب، عتیق الرحمن چوہان، ابوولید ہزاروی، عبدالرحمن سالار نے ودیگر نے کہا کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر بنانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن