یوحنا آباد واقعہ: 2نوجوانوں کو جلانے کا مقدمہ، 2ملزموں کی درخواست ضمانت مسترد
لاہور(وقائع نگار خصوصی)سپریم کورٹ نے سانحہ یوحنا آباد کے دوران دو مسلمان نوجوانوں کو تشدد کے بعد زندہ جلانے میں ملوث دو ملزموں آصف مسیح اور فیصل مسیح کی ضمانت پر رہائی کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے ہجوم کو اشتعال دلانے میں ملوث ملزم اسلم سہوترا کی عدم شہادت کی بنیاد پر ضمانت منظور کر لی۔ مسلمان نوجوانوں نعمان باہر اور نعیم کو زندہ جلانے میں ملوث ملزم آصف اور فیصل کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے سانحہ یوحنا آباد کے سات مقدمات درج کئے جن میں بارہ سو نامعلوم افراد ملوث ہیں، پولیس نے آصف اور فیصل کو صرف شک کی بنیاد پر ہی گرفتار کر رکھا ہے۔ دونوں کیخلاف کوئی ٹھوس شہادت موجود نہیں، ملزم اسلم پرویز سہوترا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پولیس کے پاس اسلم سہوتر ا کیخلا ف ہجوم کو اشتعال دلانے کی شہادت موجود نہیں ہے۔ تفتیشی افسر ڈی ایس پی کاہنہ سرکل اقبال بخاری اور ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل اسجد جاوید گھرال نے تحقیقاتی رپورٹس اور ریکارڈ جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ دونوں ملزموں کی سائنسی بنیادوں پر شناخت پریڈ ہوئی ہے، فرانزک سائنسی ایجنسی نے بھی دونوں ملزموں کی نشاندہی کی ہے یہ دونوں ملزم اس ہجوم کا حصہ تھے جنہوں نے دو مسلم نوجوانوں کو تشدد کے بعد زندہ جلایا۔ گواہوں نے بیانات ریکارڈ کرائے ہیں کہ اسلم پرویز سہوترا نے اشتعال انگیز تقریر کی جس کی وجہ سے ہجوم نے نوجوانوں کو زندہ جلایا۔