• news

لاپتہ افراد کیس: ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ سمیت فریقین کو نوٹس جاری

کراچی (آن لائن+ کرائم رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے 70 سے زائد افراد کی گمشدگی سے متعلق دائر درخواستوں پر ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر فریقین کونوٹس جاری کردئیے۔70 سے زائد افراد کی گمشدگی سے متعلق دائر درخواستوں پر جسٹس عرفان سعادت کی سربراہی میں2 رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ہارون، فراز، عمران، شاہد عرف بابو، راشد بلوچ، یاسر، ساجد، زاہد، جاوید گل محمد سمیت دیگر افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیا۔ کئی روز گزرجانے کے باجود ان فراد کو کسی عدالت میں پیش کیا گیا نہ ہی انکی گرفتاری ظاہر کی گئی۔ عدالت نے مزید کارروائی کے لئے ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر فریقین کو 11 اپریل تک نوٹس جاری کردئیے۔ علاوہ ازیں سابق آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی قومی احتساب بیورو (نیب) کے تفتیشی افسر کے روبرو پیرکو پیش ہوئے۔ سابق آئی جی نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مستردکرتے ہوئے نیب تفتیشی افسر سے کہاکہ جو سوال پوچھنے ہیں تحریری طور پر فراہم کریں۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب نے سندھ پولیس کے 70 افسروں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سابق آئی جی سندھ نے نیب تفتیشی افسر کے روبرو بیان جمع کرانے کیلئے سوال نامہ مانگ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے تمام سوالات کا جواب ریکارڈ چیک کرنے کے بعد تحریری طور پر جمع کرائونگا۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام نے غلام حیدر جمالی سے فنڈز جاری کرنے سے متعلق مختلف سوالات پوچھے، کن وجوہات کی بنا پر نقد رقم جاری کی گئی ، کتنی رقم کس مد میں جاری کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن