• news

گورنمنٹ سکیم کے تحت حج درخواستیں یکم اپریل سے وصول کی جائیں گی

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنمنٹ سکیم کے تحت حج درخواستیں یکم اپریل سے وصول کی جائیں گی۔ مقررہ تعداد سے زائد درخواستیں وصول ہونے پر قرعہ اندازی کی جائے گی ۔ حج درخواستیں وصول کرنے کے لئے ایسے بنکوں کو اہل قرار دیا جائے گا جن کی ملک بھر میں کم ازکم 350برانچیں ہوں گی اور بنکوں کا قومی سطح کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ تحصیل سطح کی بنک برانچوں میں آن لائین بنکنگ کی سہولت لازمی قرار دی گئی ہے۔ حج درخواستوں کی رقوم سود سے پاک اسلامی بنکنگ اکائونٹ مین جمع کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ سالہا سال کی طرح گزشتہ سال بھی وزارت مذہبی اُمور کو بنکوں سے تقریباً 27کروڑ روپے مارک اپ کی مد میں وصول ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں وزارت کے ذمہ داران نے یہ تاویل پیش کی تھی کہ اس رقم کو پلگرم ویلفئیر فنڈ میں جمع کر دیا جاتا ہے جو حاجیوں کی ویلفئیر پر خرچ کی جاتی ہے۔ وزارت کی اس تاویل پر حاجیوں اور مذہبی حلقوں نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ امسال بھی ایک ہی کیٹیگری رکھی گئی ہے۔ حج واجبات تقریباً 2لاکھ 95 ہزار ہوں گے۔ قربانی کو اختیاری رکھا گیا ہے۔ جو حاجی قربانی خود کرنا چاہیں گے وہ تقریباً 2لاکھ 80 ہزار روپے جمع کرائیں گے۔ خواہشمند عازمین پاسپورٹ بنوا لیں جن کے پاسپورٹ پہلے سے بنے ہوئے ہیں وہ اس بات کو یقینی بنا لیں کہ وہ 10 مارچ 2017ء تک کارآمد ہیں۔ اگر پاسپورٹ 10مارچ 2017ء تک کارآمد نہیں ہیں تو وہ نیا پاسپورٹ بنوا لیں۔ حج سے متعلقہ تنظیموں نے حج 2016ء کو مہنگا ترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت مذہبی اُمورکی یقین دہانیوں کے باوجود حج اخراجات میں اضافہ متوسط طبقے کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دے گا۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میںریکارڈ کمی کے باوجود ائیرلائینز نے حج فئیر کم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ان حلقوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ مجوزہ حج پالیسی میں واجباتِ حج پر نظر ثانی کی جائے اور انہیں حج2015ء کے برابر رکھا جائے اور ائیرلائنیز کو کرایہ کم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور عازمینِ حج کی دعائیںلی جائیں۔ گزشتہ 2 سالوں سے ناکام رہنے والے عازمین کو قرعہ اندازی کے بغیر کامیاب قرار دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن