• news

سانحہ بلدیہ کیس: جے آئی ٹی رپورٹ پیش نہ ہو سکی، منصور کے دوبارہ وارنٹ جاری

کراچی (آئی این پی) کراچی کی مقامی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ہوئی۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نہ تو سانحہ بلدیہ سے متعلق جے آئی ٹی پر پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی نہ ہی کیس کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 9 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی مقبول میمن کی رخصت کے باعث سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ایڈیشنل جج جاوید بلوچ نے کی۔ سماعت کے دوران محکمہ داخلہ کی جانب سے نہ تو فیکٹری مالکان کے بیانات کی روشنی میں جے آئی ٹی کی پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی نہ کیس کے تفتیشی افسر ایس پی ساجد سدوزئی پیش ہوئے۔ کیس کے دوسرے تفتیشی افسر جہاں زیب بیمار پڑ گئے اور عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کرا دی گئی۔سماعت کے دوران فیکٹری متاثرین کے وکیل صلاح الدین پنہور کا کہنا تھا کہ تین سال بعد پولیس نے واقعے کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا اور پرانی ایف آئی آر کو غلط قرار دیا۔ متاثرین کو امداد کب ملے گی ۔ کیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے رپورٹ پیش نہ کرنے پر عدالت نے ایم کیو ایم کے مفرور کارکن منصور کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن