باغبانپورہ: ٹریفک جام کے دوران لڑائی، 2 پولیس اہلکار، 2 شہری زخمی
لاہور (نامہ نگار) باغبانپورہ کے علاقے میں شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر پولیس اور شہریوں میں ہاتھا پائی کے دوران 2پولیس اہلکار اور 2شہری زخمی ہو گئے۔ اس واقعہ پر سینکڑوں شہریوں نے سڑک بلاک کر کے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ جی ٹی روڈ پر اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر تعمیراتی کام کے باعث ٹریفک بری طرح جام تھی۔ اسی دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں غلام صابر اور فیصل نے دو شہریوں نعیم اور عارف کو تشدد کا نشانہ بنانے لگ گئے۔ وہاں موجود لوگوں نے چھڑانے کی کوشش کی تو پولیس والوں نے ان پر بھی تشدد کیا اور انہیں زخمی کر دیا جس پر لوگ مشتعل ہو گئے اور پولیس سے ہاتھا پائی شروع کر دی۔ شہریوں نے دونوں اہلکاروں کو مار مار کر لہولہان کر دیا۔ بعدازاں لوگوں نے فریقین میں بیچ بچائو کرا دیا۔ سینکڑوں شہریوں نے سڑک بلاک کر کے پولیس کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ہے۔ اعلی افسران نے واقعہ کی انکوائری کے لئے کمیٹی بنا دی ہے۔