ہائیکورٹ نے سرکاری درسی کتب کیلئے ٹیکسٹ بک بورڈ کی منظوری لازمی قرار دیدی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری سکولوں میں پڑھائی جانے والی درسی کتب کے مسودات کو پنجاب کری کلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی حتمی منظوری سے مشروط کردیا۔ عدالت نے محکمہ سکولز ایجوکیشن کو مسودات تیار کر کے حتمی منظوری کیلئے پنجاب کری کلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ بھجوانے کے احکامات صادر کردئیے۔ چیف جسٹس اعجاز الاحسن نے سماعت کی۔ عدالت نے پنجاب کری کلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کو سرکاری سکولوں میں پڑھائی جانیوالی درسی کتب کے مسودات کو مرتب کرنے اور تحریر و ترتیب کے بارے میں فوری طور پر پالیسی وضع کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے نجی پبلشرز کو مشروط طور پر کتب کی چھپائی کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پنجاب کری کلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ ایکٹ نجی پبلشرز کو کتب کی چھپائی کی اجازت دیتا ہے تو انہیں کتب چھاپنے دی جائیں۔ عدالت نے ٹیکسٹ بک بورڈ کو ریگولیٹر کا کردار ادا کرنے کا حکم دیدیا۔