• news

صدر بنا تو امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کر دونگا، مسلمانوں پر امریکی سرحدیں بند کر دی جائیں: ٹرمپ کی برسلز دھماکوں پر پھر درفنطنی

واشنگٹن (این این آئی+ آن لائن+ اے ایف پی) امریکی صدارتی دوڑ میں شامل ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیٹو کے قیام کے وقت حالات مختلف تھے، اب حالات الگ ہیں، امریکہ نیٹو کو دئیے جانے والے پیسے کم کرے۔ امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ وہ صدر منتخب ہونے کے بعدکیوبا سے معاشی اور سفارتی تعلقات مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے اور اسرائیل میں امریکی سفارتخانے کو مقبوضہ بیت المقدس منتقل کریں گے۔ مزید برآں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے برسراقتدار آنے کی صورت میں وہ ایران کے ساتھ تباہ کن جوہری معاہدے کو ختم جبکہ اقوام متحدہ کے نافذ کردہ کسی بھی مشرق وسطی امن معاہدے کو ویٹو کر دیں گے۔ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ نے کہاکہ میری ترجیحات میں ایران کے ساتھ تباہ کن جوہری معاہدے کا خاتمہ شامل ہے۔ میں طویل عرصے سے اس معاہدے کا جائزہ لے رہا ہوں اور اس بات سے بخوبی آگاہ ہوں کہ یہ معاہدہ امریکہ‘ اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کیلئے المناک ہے۔ ٹرمپ نے برسلز میں ہونے والے بم دھماکوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر مسلمان تارکین وطن کو امریکہ سے باہر رکھنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا جب تک ہم معلوم نہ کر لیں کیا ہو رہا ہے مسلمانوں کیلئے سرحدیں بند کر دینی چاہئیں۔ این بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بیلجیئم میں ایک خوفناک شو منعقد ہوا، لوگ ملک چھوڑ رہے ہیں، خوفزدہ ہیں، یہ سب کچھ اس لئے ہوا کیونکہ تارکین اس معاشرے میں گھل مل نہیں سکتے۔ بیلجیئم اب 20 سال پہلے والا بیلجیئم نہیں رہا۔

ای پیپر-دی نیشن