کسی شخص کو ایک جرم میں دوہری سزا نہیں دی جا سکتی: سپریم کورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت )سپریم کورٹ نے سزا پوری کرنے والے ملزموں کی 6 ہزار سے زائد رحم کی اپیلوں سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹیکل13 کے مطابق کسی شخص کو ایک جرم میں دوہری سزا نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے لارجر بنچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کے نام درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ہے۔ درخواست گذار کا موقف تھا کہ دلاور حسین کیس میں سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بنچ قرار دے چکا ہے کہ اگر کوئی ملزم عمر قید کاٹ چکا ہو تو اسے پھانسی نہیں دی جا سکتی، عدالت اس مقدمے کی سماعت کیلئے بھی لارجر بنچ تشکیل دے۔ عدالت نے لارجر بنچ تشکیل دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ لارجر بنچ تشکیل دینے کا اختیار چیف جسٹس کو حاصل ہے۔