• news

’دوطرفہ سیریز، پاکستان کو اپنے حالات بہتر کرنے ہونگے: آئی ایس بندرا

لندن (بی بی سی رپورٹ) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر آئی ایس بندرا کا کہنا ہے کہ پاک بھارت دوطرفہ کرکٹ بہت ضروری ہے لیکن اس کے لئے پاکستان کو اپنے حالات بہتر کرنے ہونگے کیونکہ یہ کرکٹ کسی نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلی جا سکتی۔ آئی ایس بندرا اس وقت پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہیں اور موہالی اسٹیڈیم ان کے نام سے منسوب ہے۔آئی ایس بندرا نے بی بی سی اردو سروس کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پاک بھارت سیریز نہ ہونے کی وجہ سیاسی نہیں بلکہ بی سی سی آئی کی اپنی اندرونی سیاست ہے کیونکہ اس کا زی ٹی وی سے مقدمہ چل رہا ہے جس کا کنٹریکٹ بی سی سی آئی نے ختم کر دیا تھا۔ آئی ایس بندرا کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے بہت ضروری ہے کیونکہ یہ ایشیز سے بھی بڑی سیریز ہے لیکن پاکستان سے دوطرفہ سیریز اسی وقت ہوگی جب پاکستان کے حالات ٹھیک ہونگے اور آئی سی سی وہاں تمام ٹیموں کو بھیجنے کی منظوری دے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ سیریز کا مطلب یہ نہیں کہ آپ شارجہ میں جاکر کھیل لیں۔دوطرفہ کا مطلب یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت آئے اور بھارتی ٹیم پاکستان جائے۔ آئی ایس بندرا نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ مل کر دو عالمی کپ کی میزبانی کی ہے اور انھیں اس بات کا بہت افسوس ہوا تھا جب سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان کو 2011 کے عالمی کپ کی مشترکہ میزبانی سے الگ کردیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا لیکن آئی سی سی نے اپنے میچ آفیشلز کی سکیورٹی کی ضمانت نہ لیتے ہوئے انھیں پاکستان نہیں بھیجا تھا۔
آئی ایس بندرا

ای پیپر-دی نیشن