• news

کھیل زبوں حالی کا شکار، جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے: چیئرمین قائمہ کمیٹی سینٹ

کوئٹہ / اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کے چیئرمین سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں وزارت کے آئندہ سالانہ بجٹ اور سینٹ قواعد وضوابط کی روشنی میں 2015-16 کے سالانہ بجٹ کے استعمال اور وزارت کے ملحقہ اداروں کے بجٹ کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی نے کہا کھیل زبوں حالی کا شکار ہیں بہتری کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہونگے ۔وزارت کا بجٹ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے گزشتہ 25-30 سالہ پرانی عمارتوں کا مرمت نہ ہونا تباہ حال گرائونڈ بھی لمحہ فکریہ ہیں۔ بجٹ بروقت نہ ملنے کی وجہ سے منصوبے مکمل نہیں ہوتے اور آخری وقت بجٹ ملنے سے جلدی میں اخراجات کر کے بدعنوانی کی جاتی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ وزارت کی طرف سے انٹرن شپ پر درخواست دینے والے بلوچستان کے ہر امیدوار کے ڈومیسائل کو صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے لازمی تصدیق کرائی جائے، اجلا س میں فیصلہ ہوا کہ کمیٹی کا اگلا اجلاس کراچی میں منعقد ہو گا جس میں سندھ حکومت کے وفاق سے معاملات کا جائزہ لیا جائیگا۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرذادہ نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کی ہدایات اور تجاویز پر عمل کیا جائیگا۔سینیٹ قائمہ کمیٹی وزارت کیلئے انتہائی اہم ہے۔ وزارت کے ملحقہ اداروں،کرکٹ کنٹرول بورڈ میں بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہوں۔جعلی ڈومیسائل کے خاتمے کیلئے صوبے سخت نظام بنائیں۔جب وفاق پالیسی بنائے تو صوبوں سے مشاورت اور صوبے بھی اپنی پالیسیوں سے وفاق کو آگاہ کریں۔ سیکرٹری وزارت محمد علی گردیزی نے وزارت کے ترقیاتی منصوبوں میں تجاویز کئے گئے منصوبوں، غیر ترقیاتی اخراجات اور بجٹ کے استعمال اور اگلے سال کیلئے تجویز کردہ بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ بیجنگ اور برمنگھم میں دو تعلیمی اتاشی ہیں۔ برمنگھم کا تعلیمی اتاشی ملالہ یوسف زئی کا والد ہے۔کھیلوں کی ترقی کیلئے وزارت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن