دھاندلی کا شور عمران کی عادت بن گئی، ضمنی انتخابات کے نتائج سے ہوش آ جانا چاہئے: رانا ثناء
لاہور(آئی این پی) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ دھاندلی کا شور عمران کی عادت بن چکی ہے ‘ضمنی انتخابات کے نتائج سے تحر یک انصاف والوں کو ہوش آجانا چاہیے ‘ مسلم لیگ (ن) عوامی توقعات کے مطابق حکومت اور سیاست کر رہی ہے اور عوام حکومت کو سپورٹ کر رہے ہیں ‘اگر عوام تحر یک انصاف کے مسترد کر رہے ہیں تو اس میں مسلم لیگ (ن) کا کیا قصور ہے ؟ تحریک انصاف کو دھاندلی کا رونا رونے کی بجائے عوامی فیصلہ کو قبول کرنا چاہے۔ ایک انٹرویو میں رانا ثنا نے کہا کہ ملتان کے بعد وزیر آباد میں ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد تحریک انصاف کا دھاندلی کاشور صرف تماشا ہے تاکہ وہ عوام کی توجہ حاصل کرسکیں لیکن عوام انکے کسی جھانسے میں نہیں آئیںگے۔ تحریک انصاف عوام کی نظروں میں فارغ ہو چکی ہے اس لیے یہ خود کو سیاسی میدان میںز ندہ رکھنے کیلئے دھاندلی دھاندلی کرتے رہتے ہیں۔ جب تک عمران اور تحریک انصاف اپنا انداز سیاست تبدیل نہیں کرینگے عوام انکو مستردکرتے رہیں گے۔