اسلام آباد: ڈاکٹر قدیر آج نمایاں کارکردگی کے حامل افراد میں ایوارڈز تقسیم کرینگے
اسلام آباد (آئی این پی) معروف ایٹمی سائنسدان ، محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان آج فاطمہ جناح پارک اسلام آباد میں 3بجے سہ پہر نظریہ پاکستان کونسل کے تحت منعقدہ سالانہ گولڈ میڈل ایوارڈز تقریب میں مختلف شعبۂ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کے حامل پاکستانیوں میں ایوارڈز تقسیم کریں گے۔ تقریب کی صدارت کونسل کے پیٹرن انچیف زاہد ملک کریں گے۔ متذکرہ تقریب میں ہر سال پندرہ سے بیس ایسے صاحبِ صلاحیت پاکستانی خواتین وحضرات اور طالبعلموں کو حُب الوطنی کے فروغ، نظریہ پاکستان کے تحفظ، کھیل، فروغِ تعلیم، سماجی بہبود، علم وادب، طب وجراحت اور سائنس وٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبۂ ہائے زندگی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈ دیئے جاتے ہیں۔ ایوارڈز کو شعبۂ کارکردگی کی مناسبت سے قائداعظم، علامہ اقبال، مادرِ ملت، سرسید احمد خان، ڈاکٹرعبدالقدیر خان اور شاہین کے ناموں سے منسوب کیا گیا ہے۔