بجلی پیدا کرنیوالی کمپنیوں کے گردشی قرضے 40 ارب 50 کروڑ رہ گئے
اسلام آباد (آئی این پی) وزارت پانی و بجلی کے ذیلی ادارے (پیپکو) کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے گردشی قرضے رواں مالی سال 2015-16ء کے پہلے 7ماہ میں کم ہو کر صرف 40ارب 50کروڑ رہ گئے ہیں جو 480ارب روپے کی یکمشت ادائیگیوں کے باوجود 2013-14ء میں دوبارہ بڑھ کر 183ارب روپے ہو گئے تھے۔ پیپکو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے گزشتہ دو سال کے دوران توانائی کے شعبے میں موجود گردشی قرضوں میں بہت بڑی اور واضح کمی رونما ہوئی ہے، 2012-13ء کے مالی سال کے آخری مہینے میں گردشی قرضے 502 ارب روپے ہو چکے تھے، مالی سال کے اختتام سے 3دن قبل نجی پاور کمپنیوں کو یکمشت 480 ارب روپے کی ادائیگی ممکن بنائی گئی مگر بعدازاں گردشی قرضے دوبارہ 183 ارب ہو گئی تھی، جس کے بعد حکومت نے نجی پاور کمپنیوں کو فیول سپلائی اور ادائیگیوں کا ایک رواں نظام تشکیل دیا جس کی وجہ سے گردشی قرضوں میں بتدریج کمی واقع ہوئی۔