• news

حکمران ڈھیٹ ہیں، انہیں کسی کے آنے جانے کی پروا نہیں: شجاعت

فتح جنگ (آن لائن) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے عہدہ کے زیادہ امیدوار گرینڈ آلائنس کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کا تجربہ تلخ رہا مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مخصوص علاقوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے پسماندہ اضلاع کے فنڈز میٹرو اور اورنج ٹرین پر لگانا سراسر ناانصافی ہے۔ حکومت بلدیاتی منتخب نمائندوں کو اختیار دینے سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں 9 ستارے قومی اتحاد میں وزیر اعظم کا امیدوار کوئی بھی نہیں تھا مگر اب ہر چھوٹی بڑی سیاسی جماعت کے قائدین شیروانی بناکر وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ پی پی پی سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ مشرف کے جانے سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑا حکمران ڈھیٹ ہیں انہیں کسی کے آنے جانے کی کوئی پروا نہیں۔ کالا باغ ڈیم بن جاتا تو آج بجلی 3روپے یونٹ ہوتی کالا باغ ڈیم کسی سیاسی حکومت کے بس کی بات نہیں اسے جنرل ضیاء الحق یا جنرل پرویز مشرف ہی بنا سکتے تھے۔ مشرف وردی اتار کر سیاست میں نہ آتے تو شاید کالا باغ ڈیم بنا دیتے انہوں نے کہا کہ حقوق نسواں کا قانون پہلے سے موجود ہے مگر پنجاب حکومت نمبر ٹانگنے کیلئے عورتوں کے حقوق کا واویلا کر رہی ہے عورت نے مرد کو کڑا پہنا کر گھر سے باہر بھیجا تو واپسی پر مرد کی جیب طلاق کے کاغذات اٹھائے ہوں گے ایسے متنازع قوانین سے گھریلو جھگڑوں اور طلاق کی شرح میں اضافہ ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن