• news

عوام کا شکر گزار ہوں، کوتاہیوں کا کفارہ مزید خدمت سے ادا کرونگا: افتخار چیمہ

وزیرآباد + گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ(ن)کے این اے 101 سے نومنتخب ممبر قومی اسمبلی جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ نے کہا ہے میں حلقہ کی عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مسلسل تیسری بار اپنا قیمتی ووٹ دے کر مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے میں ماضی کی کوتاہیوں اور غلطیوں کا کفارہ مزید محنت اور دن رات کی خدمت سے ادا کرونگا۔ وہ موضع کٹھورکلاں میں مبارکباد دینے آنے والے مسلم لیگی رہنماؤں سے خطاب کر رہے تھے۔ ایم این اے شازیہ فرید نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں خود پاک فوج کی نگرانی کا مطالبہ کرنے والے نتیجہ حق میں نہ آنے پر اسی پر عدم اعتماد کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر نثار احمد، عبدالروف مغل، نوازش چیمہ، عادل بخش چیمہ، عامر رضا بٹ نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں این اے 101 کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ کی کامیابی کی خوشی میں سینئر رہنما غلام دستگیر خان کی رہائش پر جشن کا سماں رہا، کارکنوں نے کامیابی کا جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے، بعدازاں رہائش کے باہر ناصر محمود کھوکھر، عامر اکرام بٹ اور دیگر نے یوتھ اور لیبر ونگ کے کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی۔

ای پیپر-دی نیشن