آسٹریلوی آل راﺅنڈر شین واٹسن نے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
موہالی (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلوی آل راو¿نڈر شین واٹسن نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیربادکہنے کا اعلان کردیا۔پریکٹس کے دوران جب اعلان کیا گیا تو آسٹریلوی ٹیم نے تالیاں بجا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔شین واٹسن کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی طرف سے کھیلتے ہوئے بہت لطف اندوز ہوئے ہیں۔چونتیس سالہ شین واٹسن نے چودہ سالہ بین الاقوامی کیریئر میں59 ٹیسٹ، 190ون ڈے اور56 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔انھوں نے گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی جبکہ گزشتہ ستمبر سے ون ڈے انٹرنیشنل بھی نہیں کھیلے۔شین واٹسن تین عالمی کپ بھی کھیلے جن میں سے دو جیتے۔ان کا ریکارڈ خاصا متاثر کن ہے۔ وہ 2006 اور 2009 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بھی تھے اور دونوں کے فائنلز میں وہ مین آف دی میچ رہے تھے۔ 2009 میں انھوں نے سیمی فائنل اور فائنل میں سنچریاں بنائی تھیں۔وہ 2012 کے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔شین واٹسن ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کی طرف سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین بھی ہیں جب انھوں نے 2011 میں بنگلہ دیش کے خلاف 185 رنز ناٹ آو¿ٹ کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔شین واٹسن کو یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں کسی بھی کپتان کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین بھی ہیں جب انھوں نے بھارت کے خلاف 124 رنز ناٹ آو¿ٹ بنائے تھے۔