مشرف کی بیرون ملک روانگی‘ میاں بیوی راضی تو کیا کرے گا قاضی: فاروق ستار
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکال کر ان کو ویزا دیا گیا، ٹکٹ کا انتظام کیا گیا جب میاں بیوی راضی توکیاکرے گا قاضی والا حساب ہوا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی نرسری ہے، شوآف ہینڈ کے ذریعے انتخابات جمہوریت کے خلاف ہیں، مصطفی کمال کی نئی جماعت سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر فاروق ستار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کل ایک بچے کا نام رکھ دیا گیا ہے ہم اس کے کان میں اذان دے دیںگے، ایسی جماعتیں روز بنتی اور ختم ہوتی رہتی ہیں، اصل جماعت قائد کی ایم کیو ایم ہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے بعد نظام کے فعال نہ ہونے میں الیکشن کمشن کا بھی قصور ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین بالکل ٹھیک ہیں۔