دفعہ 144 کی خلاف ورزی، ڈی جے بٹ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت عمران، طاہر القادری سمیت 27 افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار
اسلام آباد (آئی این پی)جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے دفعہ 144اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی پر عمران خان کے جلسوں میں میوزک بجانے والے ڈی جے بٹ کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص رشید نے دھرنوں کے دوران دفعہ 144 اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی پر درج مقدمے کی سماعت کی۔ ملزم ڈی جے بٹ نے وکیل کے ذریعے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ملزم کی ہر صورت عدالت میں حاضری یقینی بنائے ورنہ ضمانت منسوخ کردی جائے گی۔ عدالت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سمیت دیگر 27ملزمان کے گزشتہ سماعت پر جاری ہونے والے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو برقرار رکھتے ہوئے سماعت 5اپریل تک ملتوی کردی۔