ماڈل ایان علی نے ای سی ایل کیس کے بارے میں جواب سپریم کورٹ میں داخل کرادیا
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)کرنسی سمگلنگ میں ملوث ماڈل ایان علی نے ای سی ایل سے متعلق کیس میں اٹھارہ صفحات پر مشتمل تحریری تفصیلی جواب سپریم کورٹ میں داخل کروادیا ہے،ماڈل ایان علی نے جواب اپنے وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے داخل کرایا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ ماڈل ایان کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث اسے نقصان ہو رہا ہے، آئین کسی شہری کوآزادانہ نقل و حمل اور سفر کرنے کی اجازت دیتا ہے ماڈل ایان کا نام ای سی ایل میں بغیر نوٹس کے شامل کیا گیا، ای سی ایل میں نام ہونے کا علم انہیں میڈیا کے ذریعے ہوا، وزارت داخلہ کی جانب سے ایان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کو سمگلنگ کے الزام پر کسی ملزم کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اختیار حاصل نہیں ماڈل ایان نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ ایان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھے۔