تھانوں کے مال خانوں سے اسلحہ، سامان کی خورد برد، تحقیقات شروع
لاہور (میاں علی افضل سے) تھانوں کے مال خانوں سے ہینڈ گرنیڈ، مختلف قسم کی متعدد رائفلوں سمیت سرکاری اسلحہ و دیگر سامان کی خوردبرد ہونے پر سی سی پی او لاہور امین وینس نے تحقیقات کیلئے اینٹی کرپشن کو خط لکھ دیا جس پر اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کر دی ہیں سرکاری اسلحہ کی خوردبرد میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اینٹی کرپشن نے متعلقہ پولیس اہلکاروں کو طلبی کے نوٹسز بھی بھجوا دئیے ہیں۔ خورد برد ہونیوالے سرکاری اسلحہ و دیگر سامان کی مالیت لاکھوں روپے میں ہے۔ سرکل افسر اینٹی کرپشن زبیر اخلاق کا کہنا ہے کہ معاملہ کی چھان بین جاری ہے۔ ذمہ داروں کیخلاف قانون کے مطابق بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ اسلحہ کی خوردبرد کے حوالے سے سی سی پی او امین وینس کو ایس پی کینٹ امتیاز سرور نے آگاہ کیا ایس پی کینٹ امتیاز سرور کی جانب سے سی سی پی او امین وینس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا مناواں سرکل کے تھانوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ کی خوربرد سامنے آئی ہے جس میں9 سیمی رائفلیں، چارجز سیمی25 رائفلیں، رائفل ایمنگ 2، رائفل ایم پی5، بریٹا پسٹل 2، میگزین بریٹا 2، سینکڑوں گولیاں، مختلف رائفلوں کے میگزین 23، ٹیر گیس شیل 5، پولیس جیکٹ 20، 36چارپائی، صندوق، لائٹس و دیگر سامان شامل ہیں جس پر سی سی پی امین وینس نے معاملہ کی تحقیقات کیلئے اینٹی کرپشن کو باقاعدہ خط لکھا اور جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں معاملہ انتہائی حساس ہے جلد تحقیقات کرکے رپورٹ مکمل کر لیں گے۔