ممکن ہے آفاق احمد، ذوالفقار مرزا کی حمایت حاصل کر لیں: مصطفیٰ کمال
اسلام آباد (جاوید الرحمن، دی نیشن رپورٹ) کراچی کے سابق میئر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ممکن ہے وہ مستقبل میں آفاق احمد اور ذوالفقار مرزا کی حمایت بھی حاصل کر لیں۔ انہوں نے کہا پاک سرزمین پارٹی کے راستے کا فیصلہ حالات اور وقت کرے گا۔ ان کی پارٹی توقع سے زیادہ رسپانس حاصل کر رہی ہے اور وہ آئندہ چند روز میں دیگر بڑے شہروں کا دورہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انکی پارٹی کی آئندہ دنوں میں مقبولیت میں مزید اضافہ ہو گا میں نے کسی کو وفاداری بدلنے کے لئے نہیں کہا۔ ہماری پارٹی میں شمولیت کے لئے سب کو کھلی دعوت ہے۔ لوگ اپنی مرضی سے ہمارے ساتھ مل رہے ہیں۔ ہمارا ہدف ایم کیو ایم کے بڑے رہنمائوں کی حمایت حاصل کرنا نہیں ہے۔ پاکستان کا پرچم ہماری پارٹی کے ہر دفتر پر لگایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا پارٹی ارکان نے منشور بنانا شروع کردیا ہے اور یہ الیکشن کمشن کو بھی پیش کیا جائے گا۔