ملک کو درپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں، شہدا کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: ائیرچیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں۔ پاک فضائیہ کے جوان ملکی دفاع کیلئے جان دینے سے گریز نہیں کریںگے۔ پاک فضائیہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی صلاحیت رکھتی ہے، ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ جمعرات کے روز اسلام آباد میں منعقد بڈھ بیر کے شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل امان نے کہا کہ بڈھ بیر بیس پر بڑی تعداد میں دہشت گردوں کا یہ پہلا حملہ تھا۔ پاک فضائیہ کے جوانوں نے صرف 45 منٹ میں دہشت گردوں کا صفایا کر دیا جو پاک فضائیہ کے جوانوں کی ہمت اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڈھ بیر کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ شہدا کے لواحقین کو ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ انکو تعلیم‘ صحت اور دیگر سہولیات مفت فراہم کریں گے۔ لواحقین کے لئے علیحدہ فنڈ قائم کر دیا ہے تاکہ انکو سہولیات کی فراہمی میں کوئی مشکلات نہ ہوں۔ ائیر چیف نے شہدا اور غازیوں کے لواحقین میں ایوارڈ بھی تقسیم کئے۔ ائرچیف نے مزید کہا کہ دشمن میں ہمارے ساتھ مقابلہ کرنے کی صلاحییت نہیں اس لئے وہ معصوم شہریوں کو نشان بناتا ہے، یقین دلاتا ہوں انکو اس طرح کسی بھی سازش میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔