• news

اقوام متحدہ میں پہلی بار یوم پاکستان کی تقریب، راحت فتح علی نے سحر طاری کر دیا

نیو یارک (طیبہ ضیائ) تاریخ میں پہلی بار اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی ہال میں یوم پاکستان کے سلسلے میں صوفی نائٹ منعقد ہوئی جس میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں امریکہ، برطانیہ، خلیجی ممالک سمیت متعدد ممالک کے سفراء اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ معروف گلوکار راحت فتح علی نے صوفی نائٹ میں فن کا مظاہرہ کرکے سحر طاری کر دیا۔ جنرل اسمبلی میں تاریخی تقریب نے دہشت گردی سے متاثر پاکستان کا مثبت امیج پوری دنیا کے سامنے پیش کردیا۔ پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی ثقافت پیش کرنے پر فخر ہے۔ صوفی ازم دنیا میں منصفانہ معاشرے کے قیام کی علامت ہے۔ بان کی مون نے اردو میں بات کرتے ہوئے یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔ ان کاکہنا تھا کہ صوفیانہ موسیقی اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کرتی ہے۔ اپنے پیغام کا آغاز اسلام علیکم سے کیا۔ پاکستانی صوفی فنکاروں نے طویل عرصہ سے ان اقدار کو فروغ دیا جو اسلام میں رائج ہیں۔ آئیں ان پیغامات کے ذریعہ دنیا کو بدلیں جو پنجابی صوفی شاعر بلھے شاہ نے دئیے۔ آئیں امن کے راستہ پر کام کریں۔ اقوام متحدہ میں تاریخ میں پہلی بار ’’یوم جمہوریہ‘‘ منایا گیا۔ نیویارک پاکستانی مشن میں پرچم کشائی کی رسم ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے ادا کی جبکہ قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ تین گھنٹے کی اس حسین شام کا آغاز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ریکارڈ شدہ پیغام سے کیا گیا۔ بان کی مون ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہ کر سکے لیکن انہوں نے ’’صوفی نائٹ‘‘ کی تقریب کے انعقاد کو ’’سافٹ امیج آف اسلام‘‘ سے تعبیر کیا اور ڈاکٹر ملیحہ لوڈھی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ اقوام متحدہ کا ہال مہمانوں سے کھچا کھح بھرا ہوا تھا، لوگ جھوم رہے تھے ۔ پاکستان زندہ باد کے نعرے گونج رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن