مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے فرانس اور پاکستان کے درمیان 3 سالہ معاہدہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)فرانس اور پاکستان کے درمیان تین سالہ معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت فرانسیسی حکومت پاکستانی پولیس کی انسداد دہشت گردی استعداد بڑھانے کی خاطر، سائبر کرائم، دستاویزات میں جعل سازی پکڑنے اور متعدد دیگر شعبوں میں پولیس کی فنی اور سائنسی صلاحیت بڑھانے کے شعبوں میں مدد فراہم کرے گی۔ جمعرات کے روز وزارت دفاع میں پاکستان اور فرانس کے سلامتی کے بارے میں مشترکہ کمیشن کے اجلا س کے دوران یہ معاہدہ طے پایا۔ سیکرٹری دفاع لیفٹننٹ جنرل (ر) عالم خٹک نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ کمیشن کے اجلاس اور دونوں وفود کے قائدین کے درمیان الگ سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی اور سلامتی کے شعبے میں تعاون اور ان سے متعلق امور پر تفصیل سے تبادلہ خیالات کیا گیا۔ فرانسیسی وفد نے آپریشن ضرب عضب میںکامیابیوں کی تعریف کی۔کمیشن کا آئندہ اجلاس فرانس میں منعقد ہو گا۔